پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی دنیا میں سب سے زیادہ شرح اموات کا سہرا نااہل لیگ کی بد ترین صحت پالیسی کو جاتا ہے : مونس الٰہی
February 21, 2018
Featured, News, Urdu News
222 Views
یونیسف کی حالیہ رپورٹ پاکستانی بچوں کے قتل عام میں ن لیگ کے ملوث ہونے کا کھلا ثبوت ہے
پاکستان مسلم لیگ نے2007ء تک بچوں کی شرح اموات میں 37.79 فیصد کی ریکارڈ کمی کی تھی
لاہور(21فروری2018) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ یونیسف کی حالیہ رپورٹ جس میں پاکستان نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کے اعتبار سے دنیا میں سر فہرست ہے اور غریب ترین افریقی ممالک سے بھی آگے ہے، نااہل لیگ کی صحت عامہ سے مجرمانہ لاپرواہی اور صحت کے فنڈز کانمائشی اور بے کار منصوبوں میں استعمال کا افسوسناک نتیجہ ہے، یونیسف رپورٹ ثابت کرتی ہے کہ حکمران کرپٹ مافیا پاکستان کی آئندہ نسلوں کی حفاظت کرنے کے بجائے ملکی دولت لوٹنے میں مصروف ہے، اتنی کثیر تعداد میں پاکستانی نوزائیدہ بچوں کی اموات ان کے قتل عام کے مترادف ہے، پاکستان مسلم لیگ کی صحت دوست پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب میں یونیسف کی اپنی رپورٹ کے مطابق بچوں کی شرح اموات میں 37.79 فیصد ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما مونس الٰہی نے آج اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور باالخصوص پنجاب میں نا گفتہ بہ صحت کا نظام، ہسپتالوں میں ادویات کی عدم موجودگی، ضروری میڈیکل سٹاف اور آلات کی شدید کمی اور ان مسائل کے ساتھ 95 فیصد پاکستانیوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے عوام کی زندگیوں کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔ بچوں کی سڑکوں اور ہسپتالوں کے فرش پر پیدائش کے واقعات میں آئے روز اضافہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ حکمران اپنی شوبازیوں میں مصروف ہیں اور انہیں عوام کے حقیقی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔
