چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے نومنتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار انوار الحق اور صدر ڈسٹرکٹ بار محمد ارشد کی قیادت میں عہدیداروں کی ملاقات

نظام عدل کی سربلندی اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلاکا اہم کردار ہے، لیگی قائدین، وکلا رہنماؤں کا اظہار تشکر، ظہرانے میں بھی شرکت کی

لاہور(10مارچ2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے لاہور ہائیکورٹ بار کے نومنتخب صدر انوارالحق پنوں اور صدر ڈسٹرکٹ بار لاہور محمد ارشد کی سربراہی میں عہدیداروں نے ملاقات کی۔ طارق بشیر چیمہ ایم این اے، مسلم لیگ لائرز ونگ کے صدر عالمگیر ایڈووکیٹ، جہانگیر اے جھوجہ اور احمد فاران خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جن میں نور سمند خان نائب صدر، حسن اقبال وڑائچ سیکرٹری، حافظ اللہ یار فنانس سیکرٹری، چودھری محمد سرور منہیس، ملک محمد ارشد صدر ڈسٹرکٹ بار لاہور، شاہد دیہڑ، عصمت محمود باجوہ، آفتاب اقبال ڈھلوں، عامر محمود چودھری، نادر دُگل، اویس چوہان، عمران منظور دُگل، فہیم شوکت، چودھری محمد اشتیاق گوہر اور چودھری رزاق شامل تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے منتخب ہونے والے وفد کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کا نظام عدل کی سربلندی اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں بڑا کردار ہے۔ ہائیکورٹ بار کے صدر محمد انوار الحق پنوں اور صدر ڈسٹرکٹ بار محمد ارشد نے مسلم لیگی قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ وکلا رہنماؤں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی وزارت اعلیٰ کے دور میں وکلا برادری کو فری علاج اور آپریشن کی سہولت سمیت ان کی فلاح و بہبود اور عام و غریب آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے مثالی اقدامات کیے گئے، تمام بار ایسوسی ایشنز کو بلاامتیاز سالانہ فنڈز کی فراہمی، پراسکیوشن سروس کا قیام، اضلاع میں جوڈیشل کمپلیکس، پنجاب بار کونسل کی نئی و جدید عمارت کی تعمیر اور تمام سرکاری محکموں میں لیگل ایڈوائزرز کی تعیناتی جیسے تاریخی کام کیے گئے۔

Share