آڈیٹر جنرل نے شہبازشریف کا 12 ارب کا ایک اور گھپلا بے نقاب کر دیا: چودھری پرویزالٰہی
March 24, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
396 Views
خود حکومتی ادارے نے قائداعظم سولر پراجیکٹ میں کرپشن کا پول کھول دیا، سپرا برادری کے رہنماؤں کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت پر گفتگو
لاہور(24مارچ2018) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کا 12 ارب کا ایک اور گھپلا آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بے نقاب کر دیا ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر سپرا برادری کے چیئرمین مہر ظہور حسین سپرا، چیئرمین سپرا ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان مقصود احمد سپرا، مہر غلام محمد سیال آف جھنگ اور ضلعی صدر ملتان عوامی راج پارٹی میاں مظہر عباس کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ مہر ظہور حسین سپرا پی پی 128 جھنگ سے سپرا برادری کے مضبوط امیدوار ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومتی ادارے کی آڈٹ رپورٹس سے قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ میں اربوں کے گھپلوں کا پول کھل گیا ہے، قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ کے زیادہ رقم کے ٹینڈر کی منظوری اور کنسلٹنٹ کی تقرری میں ہی 20 ارب کا گھپلا سامنے آ گیا ہے جبکہ نرخوں اور خریداری میں بھی قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑانے اور وسیع پیمانے پر ہیرا پھیری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے کرپشن کے نئے نئے طریقے متعارف کرائے، وہ پاور پراجیکٹس، ڈالر بناؤ ٹرین، جنگلہ بس اور نمائشی سکیموں میں کمپنیوں کی تشکیل کے ذریعے ہر شعبہ میں کرپشن مافیا کی سرپرستی کر رہے ہیں، ان حکمرانوں کو عوامی مسائل کی بالکل فکر نہیں، انہیں صرف اپنی کرپشن کا سرمایہ بچانے کی فکر ہے، ان کی ناقص پالیسیوں اور راتوں رات ڈالر کی قیمتوں میں اضافے سے قوم اربوں روپے کی مزید مقروض ہو گئی ہے، عوام اب ان کے فریب میں نہ آئیں، پاکستان مسلم لیگ کی سیاست کا محور عام اور غریب آدمی ہے، تین ماہ سے پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے مہنگائی اور بیروزگاری مزید بڑھ رہی ہے۔

