اب عوام کو ہمارے دور کے ترقیاتی کام یاد آ رہے ہیں، مستقبل پاکستان مسلم لیگ کا ہے: چودھری پرویزالٰہی

تمام مسلم لیگیوں کو متحد ہو کر تاریخی کردار ادا کرنا ہو گا، یوتھ ونگ سیالکوٹ کے وفد کی سابق نائب وزیراعظم اور چودھری وجاہت حسین سے ملاقات

لاہور(26مارچ2018) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین سے سیالکوٹ یوتھ ونگ کے صدر و ٹکٹ ہولڈر صدف بٹ نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں مرزا مظہر مشتاق، ڈاکٹر شہزاد نسیم، راحت بٹ، تجمل بٹ، اشفاق سلہری، چودھری عمر، رانا نور احمد، سید حسن شاہ، چودھری جمشید، حاجی ارشد مغل اور ملک فیض اعوان شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب عوام کو ہمارے دور کے ترقیاتی کام یاد آ رہے ہیں، اپنی عوامی خدمات کے باعث مستقبل مسلم لیگ کا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں رکنیت سازی کیمپ لگانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کا خواب دیکھنے والے ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کا تعلق اسی شہر سے ہے اس لیے یہاں کے مسلم لیگی کارکنوں اور نوجوانوں پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی خالق جماعت کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کیلئے اہم کردار ادا کریں تاکہ یہ جماعت قیام پاکستان کی طرح تمام مسلم لیگیوں کو متحد کر کے ایک بار پھر تاریخی کردار ادا کر سکے۔

Share