عدالتوں میں فریاد ہی لے کر جائی جاتی ہے، چیف جسٹس کا کلپ سامنے آ چکا، میڈیا حقیقت کو حقیقت کے طور پر پیش کرے
لاہور/اسلام آباد(30مارچ2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے جو کام کر رہے ہیں اس کو جاری رکھیں جس مقام پر اللہ تعالیٰ نے ان کو پہنچایا ہے انہیں غریب فریادی کی دعا لگ رہی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ چیف جسٹس صاحب آپ آج جس مقام پر ہیں اللہ کی رضا کے سوا کوئی شخص اس مقام پر نہیں پہنچ سکتا، آپ کے ہاتھ میں ملک کی تقدیر کے فیصلے بھی ہیں، آپ جو کام اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے کر رہے ہیں وہ جاری رکھیں، لفظ فریاد کو فساد میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو منظر عام پر لائے، فریاد سے فساد پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں، ن لیگ والے صرف اپنے کیس سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، مختلف لیڈر اور ان کے حواری جان بوجھ کر فریاد کو فساد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، میڈیا کو چاہئے کہ حقیقت کو حقیقت کے طور پر پیش کرے، چیف جسٹس پاکستان کا کلپ سامنے آ چکا ہے جس پر انہوں نے کہیں بھی وزیراعظم کا نام نہیں لیا اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے۔