پاکستانی عوام کی ترقی و بہبود ہمیشہ سعودی عرب کی ترجیح رہی، سعودی سفیر کی چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے ملاقات
April 2, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
307 Views
سعودیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، صدر مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین کا پاک سعودی تعلقات میں نمایاں کردار ہے: نواف سید المالکی کی ظہرانہ میں شرکت
لاہور/اسلام آباد(02اپریل2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے سعودی سفیر نواف سیدالمالکی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ میں شریک ہوئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب و ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ملکوں نے دنیا کے مختلف فورمز پر ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد اور عالم اسلام کے استحکام کیلئے مشترکہ مؤقف اختیار کیا ہے، زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور آفت سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کی مدد کی ہے جس پر ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔ سعودی سفیر نواف سید المالکی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات امت مسلمہ کے مفاد میں ہیں، پاکستان عالم اسلام کا اہم ملک ہے اور پاکستانی عوام کی ترقی و بہبود ہمیشہ سعودی عرب کی ترجیح رہی ہے۔ سعودی سفیر نے مزید کہا کہ اسلامی معاشروہ میں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ظہرانہ میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، وسیم سجاد، ڈاکٹر خالد رانجھا، حافظ عمار یاسر، محبوب اللہ جان، وجیہہ الزمان، ظفر بختاوری کے علاوہ دیگر مسلم لیگی رہنما اور سینئر اینکرز بھی شریک تھے۔

