جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر حملہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ اصل مجرم بے نقاب ہوں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
April 15, 2018
Featured, News, Urdu News
225 Views
پوری قوم آئین و قانون کی بالادستی کیلئے عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، گھناؤنی واردات پر وکلاء کے ردعمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں
لاہور(15اپریل2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش گاہ پر حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس پر دلی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنی واردات کے اصل مجرم بے نقاب کرنے کیلئے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے عدلیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم آئین و قانون کی بالادستی کیلئے عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور اس قسم کی اوچھی حرکتوں کے ذمہ داران کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا، اداروں کے ایسے بزدل دشمن یاد رکھیں کہ ان کا کوئی ہتھکنڈہ کامیاب نہیں ہو سکتا، عدلیہ کے پاس کوئی بندوق یا توپ نہیں ہوتی وہ تو اپنے آئینی و قانونی فیصلوں سے مظلوموں کی دادرسی اور عدل و انصاف کا بول بالا کرتی ہے جس کے باعث کسی بھی معاشرہ میں قانون کی بالادستی ہوتی ہے جس سے آئین و قانون کی پرواہ نہ کرنے والوں کو تکلیف پہنچتی ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے اس حملہ میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری اور انہیں پوری طرح بے نقاب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس حملہ پر وکلاء تنظیموں کے مؤقف اور ردعمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
