نوازشریف میں ہمت ہے تو خلائی مخلوق کے نام بتائیں: چودھری شجاعت حسین کا پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخواہ کے صوبائی سیکرٹریٹ کے افتتاح پر خطاب
May 5, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
266 Views
خیبرپختونخواہ کے عوام ایک بار پاکستان مسلم لیگ کو موقع دیں انشاء اللہ وہ مایوس نہیں رہیں گے، ہر علاقہ کی بلاتفریق خدمت ہو گی
چودھری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ کا پشاور میں محبوب اللہ جان، وجیہہ الزمان، جاوید نسیم، مسز فرخ خان، مسز رفعت اکبر سواتی اور دیگر کی قیادت میں رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے بھرپور استقبال
پشاور/لاہور(05مئی2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ معلوم نہیں نوازشریف نے کس کا نام خلائی مخلوق رکھا ہے ان میں ہمت ہے تو خلائی مخلوق کے نام بتا دیں، پاکستان مسلم لیگ ہی تمام مسائل حل کر سکتی ہے، کے پی کے کے عوام ایک بار اسے بھی موقع دیں انشاء اللہ انہیں مایوسی نہیں رہے گی، صحت، تعلیم، روزگار عوام کا حق ہے، ہم یہ ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے، کے پی کے میں جو کام ہوئے وہ ہمارے ہی لوگوں نے کئے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ پشاور میں صوبائی سیکرٹریٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب اور میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ کے پی کے محبوب اللہ جان، سیکرٹری جنرل وجیہہ الزمان، جاوید نسیم، مسز فرخ خان، مسز رفعت اکبر سواتی اور دیگر رہنما و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کا بھرپور اور پرجوش استقبال کیا۔ نوازشریف کے جیل جانے کے سوال پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فیصلہ آنے دیں میں نے فیصلہ نہیں دینا، ن لیگ کا حال اور مستقبل دیکھنے کیلئے کسی چشمے کی ضرورت نہیں وہ سب کے سامنے ہے لیکن یہ دیکھنے کیلئے کہ الیکشن ہوں گے خاص چشمے کی ضرورت ہے۔کنگز پارٹی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا وجود نہیں لوگ اپنی مرضی سے دوسری پارٹیوں میں جا رہے ہیں وہ دودھ پیتے بچے نہیں ہیں، پاکستان مسلم لیگ میں آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہاں ہمارا جو پرتپاک استقبال ہوا وہ پاکستان مسلم لیگ سے محبت اور وابستگی کا مظہر ہے اس پر پارٹی عہدیدار اور کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں، صوبہ خیبرپختونخواہ تاریخی طور پر ہمیشہ مسلم لیگ کا گھر رہا ہے، یہاں کے عوام نے پاکستان کیلئے ان گنت اور ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور پاکستان دشمن قوتوں کو ہمیشہ شکست دی، وہ آج بھی قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن قوتوں کے خاتمہ کیلئے برسر پیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کی ترقی، حقوق کی بات کی اور عوام کی بلاتفریق خدمت کی، یہی وجہ ہے کہ چھوٹے صوبوں کے عوام کے دلوں میں مسلم لیگ کی محبت ہے، ماضی میں ہم نے کے پی کے میں غلط لوگوں پر انحصار کیا، ان لوگوں نے اپنی ذات کو تو مضبوط کیا لیکن بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ کو مضبوط نہ کر سکے، ہم نے کوہستان، ہزارہ، قبائلی علاقوں اور تمام ڈویژنوں کے عوام کی بلاتفریق خدمت کرنی ہے، پارٹی عہدیدار نچلی سطح تک رکن سازی کریں، پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ سے محبت کرنے والوں سے رابطہ کر کے انہیں فعال کریں جو قیادت کی سردمہری کے باعث گھروں میں خاموش بیٹھے ہیں، جون 2004ء میں وزیراعظم بن کر میں نے سب سے پہلے فاٹا، قبائلی عمائدین اور صوبہ پختونخواہ کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا اجلاس بلایا اور صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک سوال پر کہا کہ تمام مسلم لیگیوں کو متحد ہونا چاہئے، موجودہ حکومت میں بھی ہماری پارٹی کے دس، باہ وزیر تھے جو ن لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف اگر عدلیہ، فوج یا دفاعی اداروں کو خلائی مخلوق کہہ رہے ہیں تو کوئی ان کو اداروں کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دے گا، اداروں پر تنقید اور الزام لگانا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی پاکستان مسلم لیگ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے، مسلم لیگ کی جڑیں عوام میں ہیں، پاکستانیت اور پاکستان کیلئے تمام مسلم لیگیوں کو یکجا ہونا ہو گا اور انشاء اللہ مستقبل اس کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 سال سے نوازشریف اقتدار میں ہیں اور اب صاف پانی فراہم کرنے کیلئے پھر 10، 20 سال مانگ رہے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف نے ساڑھے چار سال میں معیشت، خارجہ پالیسی سمیت تمام شعبوں کو برباد کر دیا اور اب وہ اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ایسی باتیں کر رہے ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا گیا۔

