راجہ ظفرالحق رپورٹ شائع نہ کرنا ختم نبوت پر حکومتی بدنیتی کا ثبوت ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
May 16, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
441 Views
پاکستان مسلم لیگ اس معاملہ پر دینی اور عوامی حلقوں کے ساتھ ہے، سجادہ نشین بھنگالی شریف کی ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، چودھری وجاہت حسین، راجہ بشارت، راجہ ناصر اور ساجد شاہ بھی موجود تھے
اسلام آباد/لاہور(16مئی2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ شائع نہ کرنا حکومتی بدنیتی کا ثبوت ہے۔ وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر دربار عالیہ بھنگالی شریف گوجر خان کے سجادہ نشین پیر سید مخدوم عباس محمد شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، چودھری وجاہت حسین، محمد بشارت راجہ، راجہ ناصر اور ساجد شاہ بھی موجود تھے۔ پیر عباس محمد شاہ نے مسلم لیگی قائدین کو ختم نبوت سے متعلق حکومتی روئیے پر عوام اور مذہبی جماعتوں میں پائی جانے والی بے چینی اور تحفظات سے آگاہ کیا اور اس پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ختم نبوت کے معاملہ پر دینی حلقوں اور عوامی جذبات کا احترام کرتی ہے اور اس کے جذبات و احساسات بھی وہی ہیں اس لیے وہ ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جس طرح ڈان لیکس اور دیگر معاملات پر اپنی بدنیتی کا کھل کر اعتراف کر رہے ہیں وہ اس معاملہ پر اپنی سازش بے نقاب ہونے سے اب تک کیوں خوفزدہ ہیں اور ن لیگ کے رہنما راجہ ظفر الحق کی کمیٹی کی رپورٹ اس لئے شائع نہیں کر رہے کیونکہ اس سے ان کی ختم نبوت کے معاملہ پر دروغ گوئی اور بدنیتی سامنے آ جائے گی۔

