چودھری پرویزالٰہی این اے 69 اور سلیم سرور جوڑا پی پی 31 سے مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار نامزد
June 27, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
301 Views
پاکستان مسلم لیگ کے میاں عمران مسعود اور چودھری اصغر تیل والے پی ٹی آئی کے امیدار کے حق میں دستبردار
دونوں جماعتوں کا مشترکہ پریس کانفرنس میں مل کر الیکشن لڑنے اور کرپٹ مافیا کے خلاف جدو جہد کرنے کا اعلان
گجرات(27جون2018) پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں باقاعدہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد گجرات کے حلقہ این اے 69 سے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور پی پی 31 سے پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا مشترکہ و متفقہ امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔ پی پی 31 سے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار میاں عمران مسعود اور پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا نے یہ اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس حلقہ سے پاکستان مسلم لیگ کے چودھری اصغر تیل والے بھی سلیم جوڑا کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما بھی موجود تھے جن میں چیئرمین سلیم کمبوہ، چیئرمین چودھری پرویز بشیر، طاہر حسین ترکھا، علی ابرار جوڑا، چودھری عطاء اللہ گل، چودھری شجاع زیب جوڑا، چودھری مظہر، چیئر مین افضل سماں و دیگر موجود تھے۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور عمران خان کے درمیان باہمی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد پارٹی قائد کی ہدایت پر پی پی 31 گجرات سے میں پی ٹی آئی کے چودھری سلیم سرور جوڑا کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں، این اے 69 گجرات سے چودھری پرویزالٰہی دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر گجرات سمیت پورے پاکستان میں کرپٹ مافیا کا مقابلہ کریں گی، پہلے بھی دونوں جماعتیں سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں مشترکہ لائحہ عمل پر عمل کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے امن و امان کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے، ٹریکٹر اور بلے کو کامیاب کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر آبائی سیٹ نہ چھوڑنے کا بڑا دباؤ تھا لیکن پارٹی قائد کے حکم پر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری سلیم سرور جوڑا نے چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور میاں عمران مسعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے الیکشن کی بجائے این اے 69 میں چودھری پرویزالٰہی کی فتح کیلئے زیادہ جدوجہد کروں گا، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی مل کر گجرات میں امن و امان قائم کریں گی، ہم میئر گجرات حاجی ناصر کی کرپشن کو سب کے سامنے لائیں گے۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے میاں عمران مسعود کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے دیرینہ اور قابل اعتماد ساتھی ہیں۔

