عدالتی فیصلہ آ گیا اب عوام 25 جولائی کو مہر لگا کر شریفوں اور ن لیگ کی سیاست ختم کر دیں: چودھری پرویزالٰہی
July 7, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
363 Views
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انہیں بڑی سزا ہو گی، ن لیگ یوتھ اور تاجر ونگز گجرات کے وفود کی سابق نائب وزیراعظم سے ملاقات اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت
لاہور(07جولائی2018) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ یہ الیکشن قوم کی تقدیر بدل دے گا، عدالت نے فیصلہ کر دیا ہے اب عوام کو چاہئے کہ وہ شریفوں اور ن لیگ کے سیاست کے خاتمہ پر مہر لگا دیں، 25 جولائی کو عوام کا فیصلہ ایسا ہونا چاہئے کہ ان کا ظلم و زیادتی اور تکبر کا دور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے۔ جلسہ عام سے خطاب سے قبل چودھری پرویزالٰہی سے ن لیگ یوتھ اور تاجر ونگز کے وفود نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں دیر ضرور ہوئی ہے لیکن ان کی اصل پکڑ اور بڑی سزا اسی کیس میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے اپنے منطقی انجام کی طرف جا رہے ہیں، اس طرح تو کوئی فاؤنڈری بھی نہیں چلاتا جس طرح انہوں نے ملک چلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اور ان کے دور کا اب عوام صحیح معنوں میں موازنہ کر رہے ہیں، عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ شہروں اور قصبوں میں کشتیاں کس نے چلائیں اور ترقیاتی کام کس نے کیے، لوگ 25 جولائی کو ٹریکٹر پر مہر لگا کر ن لیگ کا بوریا بستر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گول کر دیں، عوام کی خدمت کرنا ہماری عبادت ہے، ہر مسلم لیگی گھر گھر جا کر لوگوں میں شعور اجاگر کرے، ہمارے اور ن لیگ کے کاموں کے موازنے والا پمفلٹ تقسیم کرے اور ن لیگ کے کارکنوں کو واپس اصل مسلم لیگ میں لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میاں عمران مسعود نے پارٹی کی خاطر اپنی سیٹ قربان کی، پارٹی ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کے کارکن مل کر انتخابی مہم چلائیں ان کی یکجہتی نظر آنی چاہئے۔ جلسہ میں سٹیج پر ارشد بٹ، عمران بٹ، عمر بٹ، امجد مسعود، اصغر تیل والا، حسنین اصغر، نعیم انور، شہزاد گل، راجہ مبشر اقبال اور سید منظر شاہ بیٹھے تھے۔

