ماڈل ٹاؤن کے 14 بیگناہوں کا خون نواز، شہبازشریف کا تعاقب کر رہا ہے: چودھری پرویزالٰہی

شریف برادران ہار دیکھ کر بدحواسی میں سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینا بند کر دیں، انشاء اللہ ان کا دور اب نہیں آئے گا: بڑے جلسہ سے خطاب

لاہور(20جولائی2018) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے 14 بیگناہوں کا خون نوازشریف، شہبازشریف کا تعاقب کر رہا ہے، شریف برادران ہار دیکھ کر بدحواسی میں سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینا بند کر دیں، انشاء اللہ ان کا دور اب نہیں آئے گا۔ انہوں نے گجرات کے علاقہ کنجاڑی میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رنگ لا کر رہے گا اور یہ دونوں بھائی اور ان کے حواری سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے ہسپتال، سکول، کالج اور ادارے تباہ کئے جبکہ ہم نے 5 سال میں مثالی ہسپتال، سکول، کالج اور گجرات یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے بنائے، فری ادویات، میٹرک تک مفت تعلیم دی اور 1122 ریسکیو سروس جیسی سروس فراہم کی ہمارے ان کاموں جیسی کوئی مثال یہ پیش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ 25جولائی تک یہی جوش و جذبہ برقرار رکھیں اور ملک و عوام دشمنوں کا ہمیشہ کیلئے سیاسی خاتمہ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست میں بزرگوں کے علاوہ اپنے کارکنوں سے بھی بہت کچھ سیکھا اور ہر شعبہ میں عوامی خدمت اور فلاح کے ایسے کام کیے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے جبکہ ملک و قوم کی ترقی اور عوامی خدمت کے جھوٹے دعویدار تو لاہور میں صاف پانی بھی فراہم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ جیل میں گرمی لگتی ہے ہماری حکومت نے تو جیلوں کی حالت بھی بہتر بنائی اور عام قیدیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور بہتر خوراک فراہم کی۔ جلسہ سے مونس الٰہی نے بھی خطاب کیا۔

Share