پاکستان کیلئے آپ کو مکمل حمایت اور سپورٹ دینگے، چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں عمران خان کو وفد کی یقین دہانی

عمران خان کی جانب سے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کے کاموں کی تعریف، شہبازشریف نے آپ کے اچھے منصوبے بگاڑ دئیے: سربراہ تحریک انصاف

وفد کا پرتپاک خیرمقدم، طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، مونس الٰہی، حافظ عمار یاسر اور سالک حسین شامل تھے

لاہور/اسلام آباد(30جولائی2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ عمران خان نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ خوشگوار ماحول میں بات چیت کے دوران چودھری شجاعت حسین نے عمران خان سے کہا کہ آج جو حالات بنے ہوئے ہیں پاکستان کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ آپ کو مکمل حمایت اور سپورٹ دی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل و نو منتخب رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، مونس الٰہی، حافظ عمار یاسر اور سالک حسین بھی شامل تھے۔ عمران خان نے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی وزارتِ اعلیٰ کے دوران کئے گئے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کی صحیح خدمت کی، تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہت کام کیا، رنگ روڈ بنا کر شہریوں کو قریب لائے جبکہ آپ کے بعد انہوں نے اس منصوبہ میں بھی بلاضرورت توسیع و ترمیم کی، آپ کی حکومت میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے، عام اور غریب آدمی کو بھی سہولتیں دیں۔ عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی کے لاہور میں انڈرگراؤنڈ ٹرین منصوبہ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے آپ کے اِس ماس ٹرانزٹ کے میگا پراجیکٹ کا بھی حلیہ بگاڑ دیا اور اورنج ٹرین اور جنگلہ بس سے لاہور جیسے تاریخی شہر کا حسن برباد کر دیا۔

Share