انشاء اللہ ایوان احسن طریقہ سے چلائیں گے تاکہ لوگ پہلے کی بدمزگیاں بھول جائیں: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر کیلئے پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی داخل، سپیکر رانا محمد اقبال، عبدالعلیم خاں اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقاتیں

لاہور(15اگست2018) پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے مشترکہ امیدوار کی حثیت سے چودھری پرویزالٰہی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے دوست محمد مزاری کے کاغذات بھی منظور ہو گئے۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے قبل ازیں اسمبلی کی ارکنیت کا حلف اٹھایا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12 سال بعد پنجاب اسمبلی آنے کا موقع ملا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں یہاں اپوزین لیڈر، وزیر بلدیات، سپیکر اور وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہ چکا ہوں۔ پنجاب اسمبلی کے متعلق اس سوال پر کہ اس کا خراب ماحول مشہور ہے انہوں نے کہا کہ وہ انشاء اللہ ایوان کو احسن طور پر ایسے چلائیں گے کہ لوگ پہلے ہونے والی بدمزگیوں کو بھول جائیں گے۔ اپوزیشن ارکان کی بھاری تعداد کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ، اللہ کریم بہتر کرے گا سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، بطور سپیکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس موقع حافظ عمار یاسر، سردار آفتاب اکبر، باؤ رضوان اور دیگر ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عبدالعلیم خان اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی اور مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔

Share