پاکستان کو بہتری کی طرف لانے کیلئے دل و جان سے کوشش کرنا سب کا فرض ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
August 24, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
427 Views
عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں انشاء اللہ توقعات پوری ہوں گی، پورا ٹبر جیتنے اور اتنی سیٹیں لینے کے بعد ن لیگ کا احتجاج کیسا: میڈیا سے گفتگو
لاہور(24اگست2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو بہتری کی طرف لانا ہر پاکستانی کا فرض ہے اور اس کیلئے سب کو دل و جان سے کوشش کرنا ہو گی، پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں وزیراعظم عمران خان کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا۔ وہ گجرات میں چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، حسین الٰہی، محمد الٰہی، خاندان کے دیگر افراد اور مسلم لیگی رہنماؤں و کارکنوں کے ہمراہ نماز عید کی ادائیگی، اپنے بزرگوں کی آخری آرامگاہوں پر حاضری اور لوگوں کی بڑی تعداد سے عید ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بائیس سال کی طویل جدوجہد کے بعد عمران خان اقتدار میں آئے ہیں، ہمیں ان کا مکمل طور پر ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عمران خان اس ملک کے 22 ویں وزیراعظم ہیں لیکن پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کے ووٹ کی طاقت سے آگے آئے ہیں اس سے قبل مجھ سمیت جتنے بھی وزیراعظم تھے انہیں لایا گیا تھا اس لیے ہم سب کا فرض ہے کہ ملک کی خوشحالی و ترقی کیلئے ان کے اقدامات میں ممد و معاون ثابت ہوں۔ چودھری پرویزالٰہی نے نوازشریف اور مریم نواز کے بارے میں سوال پر کہا کہ ان کے معاملات عدالتوں میں ہیں اس پر کچھ کہنا مناسب نہیں۔ ن لیگ کے احتجاج کے متعلق سوال پر کہا کہ ن لیگ کس بات کا احتجاج کر رہی ہے، سارا ٹبر تو جیت گیا ہے اب احتجاج کس بات کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتنی سیٹیں لینے کے بعد اب احتجاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کیلئے یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ بیٹا وزیراعلیٰ جبکہ باپ وزیراعظم کے عہدہ کا امیدوار تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے جو امیدیں اور توقعات ہیں عوام کو امید رکھنی چاہئے کہ وہ انشاء اللہ ان پر پورے اتریں گے، ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ پاکستان اور عوام کے حالات جلد از جلد بہتر ہوں۔

