صدارتی امیدوار عارف علوی کی جہانگیر ترین، عمران اسماعیل اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے مشاورت
September 1, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
409 Views
ملاقات میں قاسم سوری، طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، باؤ رضوان، طارق حسن، ڈاکٹر افضل، احسان الحق، خسرو بختیار، اسحاق خاکوانی، حلیم عادل شیخ، عامر ڈوگر، محمد معاویہ بھی موجود تھے، انشاء اللہ بھاری اکثریت ملے گی
چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کا سیاسی تجربہ ہمارے کام آئے گا، عارف علوی، مولانا فضل الرحمن کا فون آیا تھا وہ ہنستے رہے اور میں بھی: چودھری پرویزالٰہی
لاہور(یکم ستمبر2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے نامزد صدرارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے جہانگیر ترین، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، مخدوم خسرو بختیار، اسحاق خاکوانی، عامر ڈوگر اور حلیم عادل شیخ کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کے طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، باؤ رضوان، طارق حسن، ڈاکٹر افضل، احسان الحق اور راہ حق پارٹی کے محمد معاویہ بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے صدارتی الیکشن کے بارے میں مشاورت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی جیسے سینئر سیاستدانوں کا سیاسی تجربہ ہمارے کام آئے گا اور ہم انشاء اللہ بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جب سے ہماری جماعت کا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہوا ہے ہم مل کر کام کر رہے ہیں اب ہماری کمپین تیزی سے جاری ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ڈاکٹر عارف علوی کو بھاری اکثریت ملے، اتحاد میں شامل دوسری جماعتیں بھی بھرپور ساتھ دے رہی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر رہنماؤں سے دلی طور پر اظہار تشکر کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ہمارا رابطہ ہے، خرم نواز گنڈاپور سے دو چار روز بعد بات ہو جاتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم رابطے ختم نہیں کرتے ایشوز کے حوالے سے عمران خان اور ہماری پارٹی مشترکہ آواز بلند کر رہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے بھی ہماری آواز ایک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اسی حوالے سے بات کی ہے۔ اپوزیشن امیدوار مولانا فضل الرحمن کے رابطہ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کا فون آیا تھا وہ بھی ہنستے رہے اور میں بھی ہنستا رہا۔ چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کی جانب سے پنجاب میں ان کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کے بارے میں سوال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کی مہربانی ہے، نئی حکومت نے پنجاب میں ہمارے قائم کردہ ہسپتالوں اور دیگر منصوبوں کو فعال کرنے اور شہبازشریف کے غلط کاموں کو ٹھیک کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بننا ان کا حق ہے پتہ نہیں ان کو کس بات کی جلدی ہے کہ ایک ہی فرد نے بیٹھ کر سب کے دستخط کر دئیے اس لیے تاخیر کے ذمہ ار وہ ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسمبلی میں چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی تھی اس وقت بھی انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی مدد کریں گے، ہمیں خوشی ہے کہ پنجاب میں ایسے سینئر سیاستدان ہمارے ساتھ ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کو پنجاب اسمبلی میں ذمہ داریاں نبھانے کا کہا، ہم عمران خان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سینئر سیاستدان کو یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا صدر بنوں گا اور ایشوز کے حوالے سے بات کروں گا، گورنر سندھ کے ساتھ مل کر کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرواؤں گا، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے یہ ذمہ داری مجھ پر ڈالی، میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، مجھے خوشی ہے کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔

