پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ، مسجد اور ہوسٹل جلد مکمل ہو جائے گا، چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کی یقین دہانی

میرے دور میں مسجد کی تعمیر کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ مختص کی گئی تھی: چودھری پرویزالٰہی

لاہور(07ستمبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ملاقات کی اور ارکان اسمبلی کیلئے زیرتعمیر ہوسٹل اور مسجد کا دورہ کیا، چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے بریف کیا اور انہیں بتایا کہ میرے دور میں ہم نے ایک ماہ کی تنخواہ مسجد کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیکر کو یقین دلایا کہ ارکان اسمبلی کیلئے نیو ہوسٹل کی تعمیر کے آرڈر میں ابھی جاری کرتا ہوں جبکہ مسجد کی تعمیر کیلئے جتنا فنڈ درکار ہو گا حکومت دے گی اور بجٹ میں پنجاب اسمبلی بلڈنگ کیلئے فنڈز بھی مختص کیا جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے تمام ترقیاتی منصوبے شہبازشریف کے تعصب کی نظر ہو گئے، ہم التوا میں رکھے گئے تمام منصوبوں کو انشاء اللہ جلد مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے دلچسپی لی ہوتی تو اسمبلی کی نئی بلڈنگ 8 سال پہلے مکمل ہو چکی ہوتی، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ارکان اسمبلی کو بھی عزت نہ دی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ ایوان میں ارکان اسمبلی کی تعداد کے مطابق بیٹھنے کی گنجائش نہیں، تعمیر میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایوان میں 248 ارکان بیٹھ سکتے ہیں جبکہ پرانا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نئی بلڈنگ میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ سپیکر نے تعمیراتی اداروں کو تاکید کی کہ بلاتاخیر کام مکمل کیا جائے، بلڈنگ کی تزئین و آرائش مثالی ہونی چاہئے اور اس میں فول پروف سکیورٹی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ اجلاس میں سینئر سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز بابر، قائم مقام سیکرٹری عنایت اللہ لک، سپیشل سیکرٹری C&W میاں ابرار احمد، ممبر P&D ڈاکٹر محمد عابد بودلہ، پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس، پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری، وائس پریزیڈنٹ نیسپاک محمد ابرار اے خاں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے۔

Share