سابقہ حکمرانوں نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا، اب ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے: چودھری پرویزالٰہی

ن لیگی چیئرمین اشرف ریحانیہ، بشیر احمد جنجوعہ، مرزا عطا محمد کونسلروں و ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شامل، ضمنی الیکشن میں مونس الٰہی کی حمایت کا اعلان

ہسپتالوں میں ادویات نہیں، عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں یہ ہیں شہبازشریف کے کارنامے: پارٹی میں شامل ہونے والے وفود سے گفتگو

لاہور(17ستمبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ن لیگ کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور ضلعی عہدیداروں نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق یوسی 1 گجرات کے چیئرمین اشرف ریحانیہ اور یو سی 6 کے وائس چیئرمین بشیر احمد جنجوعہ اور سابق ناظم مرزا عطا محمد نے ساتھیوں سمیت این اے 69 سے پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے متفقہ امیدوار مونس الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے خدیجہ فاروقی، انصر گھمن، میجر (ر) نسیم اکبر فاروقی، چودھری اعجاز وڑائچ، میاں عمران مسعود، میاں پرویز اختر پگانوالہ، چودھری اعجاز شاہدولہ، ندیم اختر ملہی و دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شمولیت کرنے پر ان رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ترقی کا سفر طے کرنا ہے، سابق حکمرانوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد کے کاموں کو ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ عوام اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہے، کسان دشمن حکومت نے پورے صوبے کا بجٹ میٹرو پر لگا دیا جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں ادویات نہیں، سکولوں میں فرنیچر اور پینے کا صاف پانی نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات یونیورسٹی کی طرز پر مزید تعلیمی ادارے بننے چاہئیں، شہبازشریف کی کرپشن کے ثبوت آہستہ آہستہ وقت کے ساتھ منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں، 56 کمپنیوں کی کرپشن سامنے آنے والی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جب ملک کا حکمران نیک نیت ہو گا اور عوام کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھے گا تبھی عوام کو ان کا حق ملے گا، عمران خان کا ویژن ملک کو نئی راہ پر لے کر جا رہا ہے، عمران خان کے اس ویژن میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔

Share