پاکستان اور گجرات کا نام بلند کرنے والی نسیم اختر کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے: چودھری پرویزالٰہی
October 13, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
419 Views
سعودی حکومت کے مشکور ہیں جس نے ان کے ہاتھ کی کڑھائی سے لکھے قرآن پاک کی ایک جلد مسجد نبویﷺ میں رکھ دی: میڈیا سے گفتگو
گجرات پاکستان کے فرزند کی آمد پر بہت خوش ہوں، ہنر آگے بڑھانے کیلئے ادارہ قائم کیا جائے: نسیم اختر
لاہور/گجرات(13اکتوبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اپنی اہلیہ اور صاحبزادے راسخ الٰہی کے ہمرا ہ کپڑے پر ہاتھ کی کڑھائی سے قرآن پاک لکھنے والی خاتون نسیم اختر کے گھر گئے اور اس عظیم کام پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قرآن پاک کی زیارت بھی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے کہ نسیم اختر کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی ان کی پذیرائی کیلئے کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نسیم اختر نے یہ منفرد کام کر کے گجرات اور پاکستان کا نام بلند کیا ہے، میں سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی اس بیٹی کی کاوش کو سراہا اور مسجد نبویﷺ میں اس نسخہ کو رکھا، میں علماء کرام سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ اس موقع پر نسیم اختر نے چودھری پرویزالٰہی اور ان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والا قابل فخر فرزند گجرات آج ہمارے گھر آیا ہے، میری حکومت سے بس یہی درخواست ہے کہ میرے اس ہنر کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ادارہ قائم کیا جائے، میں نے 32 سال دن رات ایک کرکے یہ نسخہ مکمل کیا ہے اور یہی میری زندگی کا مقصد تھا، یہ قرآن پاک دس جلدوں پر مشتمل ہے اس کی ایک جلد مسجد نبویﷺ کی لائبریری میں رکھ دی گئی ہے۔

