مونس الٰہی اور سالک حسین کی کامیابی پاکستان مسلم لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عوام کی محبت کا دین نہیں دے سکتے
دس سال کی بربادی کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، شہبازشریف صرف انگلی گھما کر ڈی پی او، ڈی سی او تبدیل کرتے تھے
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن نے جنرل الیکشن کے بعد ضمنی الیکشن بھی پرامن ماحول میں کروایا
لاہور/گجرات(14اکتوبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے این اے 69 گجرات میں مونس الٰہی اور این اے 65 چکوال میں چودھری سالک حسین کی ریکارڈ کامیابی کے بعد ظہورالٰہی ہاؤس میں آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور چکوال میں ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ کی کامیابی اس کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، انشاء اللہ ہم آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم آپ کی محبت کا دین نہیں دے سکتے، ہمارا خاندان مخلصانہ طور پر آپ کے ساتھ چلا ہے اور آپ بھی ہمارے خاندان کے ساتھ بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہیں، مونس الٰہی اور سالک حسین خلقہ کے مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے اور ان حلقوں کی بہتری کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ قبل ازیں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن پرامن ماحول میں ہو رہا ہے، فوج کے جوان موجود ہیں، لاء اینڈ آرڈر ٹھیک ہے، جنرل الیکشن کی طرح انتظامات بہترین ہیں، انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں بھی ہماری پارٹی کامیاب ہو گی۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ شہبازشریف کے ایک اشارے پر ڈی سی او، ڈی پی او تبدیل ہو جاتے تھے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی وجہ سے شہبازشریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی بھی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کے خلاف ہوں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انشاء اللہ آنے والے وقت میں حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے اور بہتر سے بہتر ہوں گے، 10 سال کی بربادی 60 دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتی اس لیے حکومت کو وقت دینا چاہئے تاکہ وہ حالات و واقعات کا جائزہ لے کر آگے بڑھ سکے، دنیا کی تاریخ میں بھی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ دو ماہ بعد ہی تنقید شروع کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اچھے اور مضبوط وزیراعلیٰ ہیں وہ ضرور ڈیلیور کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جو افسران ملوث تھے ان کو تبدیل کر دینا چاہئے تاکہ غیر جانبدارانہ انکوائری ہو سکے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے اور انہیں ووٹ کا حق دینا الیکشن کمیشن کا اچھا اقدام اور تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل آگے آ رہی ہے اس سے تبدیلی بھی سامنے آئے گی۔ قبل ازیں این اے 69 سے امیدوار مونس الٰہی، چودھری شفاعت حسین، راسخ الٰہی، محمد الٰہی اور حسن الٰہی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پنڈی تاتار میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔