شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹاؤن اور اپنے ظالمانہ رویے کی وجہ سے اللہ کی پکڑ میں ہیں، موجودہ حالات کے خود ذمہ دار ہیں
چالیس سال بعد سویلین سیٹ اپ کے تحت الیکشن ہو رہے ہیں، مشکل حالات کے باوجود حکومت کامیابی سے چل رہی ہے: میڈیا سے گفتگو
لاہور/گجرات(14اکتوبر2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے گجرات کے حلقہ این اے 69 کے پولنگ اسٹیشن مسلم آباد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 40 سال بعد سویلین سیٹ اپ کے تحت الیکشن ہو رہے ہیں، پولنگ پرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے، بہت مشکل حالات سے گزر کر یہ حکومت قائم ہوئی ہے جو لوگ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اپوزیشن والے حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹائیں گے حالانکہ اپوزیشن کے پاس حکومت ہٹانے کا کوئی جواز نہیں، موجودہ حکومت کو موقع دینا چاہئے، عمران خان کو حکومت میں آنے سے پہلے اندازہ نہیں تھا کہ سابقہ حکومت نے حالات کتنے خراب کر رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ شہبازشریف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کی جہ سے نہیں بلکہ اپنے ظالمانہ رویے کی وجہ سے قید ہیں، ان حالات کے وہ خود ذمہ دار ہیں، شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے عذاب کی پکڑ میں آئے ہیں، مجھے قوی امید ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کو جلد انصاف ملے گا۔