پبلک، میڈیا پریشر، لوگوں کی دعاؤں اور مؤثر قانون کے باعث شہبازشریف ریسکیو 1122 بند نہ کر سکے: چودھری پرویزالٰہی
October 15, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
403 Views
وزیراعلیٰ عثمان بزدار دلی طور پر اس کے حق میں ہیں، اب تمام رکاوٹیں ختم، 1122 ہمارے اصلی پلان کے مطابق اپ ڈیٹ ہو گا، نئی گاڑیاں، آلات، بہتر سہولتیں مہیا کی جائیں گی
ہم نے ہر شعبہ میں مثالی کام کئے، پنجاب کو دیکھ کر دوسرے صوبوں نے یہ ادارے بنائے، ریسکیو سروس کی 14 ویں سالگرہ کی تقریب میں سابق وزیراعلیٰ کا پرجوش استقبال
لاہور(15اکتوبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے 1122 کی 14 ویں سالگرہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے آتے ہی ہمارے دیگر منصوبوں کی طرح اسے بھی بند کرنے کی کوشش کی لیکن پبلک و میڈیا پریشر، لوگوں کی عاؤں اور اس کے قیام کیلئے کی گئی مؤثر قانون سازی کے باعث وہ اسے بند نہ کر سکے، ریسکیو سروس کی راہ سے تمام رکاوٹیں ختم ہو چکی ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار دلی طور پر اس کے حق میں ہیں، اس کے اچھے دن آ گئے ہیں اور ہم نے یہ ادارہ قائم کرتے ہوئے جو پلان بنایا تھا اسی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ بھی ہوگا، نئی ایمبولینس گاڑیاں، جدید ترین آلات اور سٹاف کو ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تقریب میں آمد پر سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا نہایت پرجوش استقبال اور زیردست گل پاشی کی گئی، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے اعزازی شیلڈ پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنی 5 سالہ حکومت میں صحت، تعلیم سمیت ہر شعبہ میں مثالی اور ریکارڈ کام کئے اور پنجاب کو دیکھ کر ہی دوسرے صوبوں نے بھی ریسکیو سروس قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے سب سے پہلے 1122 کے قیام پر توجہ دی اور اس کا رسپانس ٹائم مثالی ہے جبکہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں خصوصی بیڈز، ڈاکٹرز اور فری ادویات کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم قومی اسمبلی سے بل پاس کروایا کہ جب پولیس کیس آئے تو ڈاکٹر سب سے پہلے مریض کو دیکھے گا، ایف آئی آر بعد میں ہوتی رہے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ادارے کے بنیادی مسائل کو جلد حل اور ایمرجنسی الاؤنس بھی بحال کیا جائے گا، اس کیلئے وزیراعلیٰ، وزیر خزانہ اور وزیر قانون بشارت راجہ نے یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ جب تربیت یافتہ ریسکیو سٹاف ریٹائر ہو تو وہ گھر نہ بیٹھ جائے بلکہ دیہات کے مراکز صحت میں ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے اس پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف کو شیلڈیں دیں۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے چودھری پرویزالٰہی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2004ء سے 2018ء تک اس ادارے نے بہت نشیب و فراز کا سامنا کیا ہے، چودھری پرویزالٰہی نے جو خواب دیکھا تھا یہ اس کی تعبیر ہے۔ ادارے کے حوالے سے ڈاکیومنٹری دکھاتے ہوئے شہداء کیلئے دعا بھی کی گئی۔

