اسمبلی کی زیرتعمیر بلڈنگ کیلئے فنڈز مہیا کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں: چودھری پرویزالٰہی

نئی بلڈنگ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں، مسجد جلد از جلد تعمیر کی جائے: سپیکر پنجاب اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

لاہور(07نومبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر بلڈنگ کے حوالے سے اسمبلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، پرنسپل این سی اے، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سینئر سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک کے علاوہ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، این سی اے اور نیسپاک کے افسروں نے شرکت کی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آئندہ بجٹ اجلاس اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں منعقد کرنا چاہتے ہیں، بلڈنگ کی تعمیر کیلئے فنڈ کی منظوری ہو چکی ہے، فنڈز مہیا کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کی پراگریس ریویو کیلئے ہر ماہ خود میٹنگ لیا کروں گا جبکہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی پراگریس ریویو کی میٹنگ ہر ہفتہ لیں گے۔ انہوں نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ ریویو میٹنگز میں شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم ورک ہے، مضبوط اور مثالی عمارت تعمیر کرنے پر سب کا نام روشن ہو گا، تعمیر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا روزانہ اور ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں، کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے نئی بلڈنگ میں زیرتعمیر مسجد کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Share