حاجی عبدالوہاب کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی: چودھری پرویزالٰہی کی نماز جنازہ میں شرکت
November 18, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
303 Views
سپیکر پنجاب اسمبلی عیادت کیلئے بھی جاتے رہے، صوبائی وزیر عمار یاسر، چودھری سالک حسین ایم این اے اور راسخ الٰہی ہمراہ تھے
مولانا طارق جمیل، مولانا نذر الرحمن، مولانا احسان الحق، مولانا خورشید اور مولانا احمد بٹلہ سے اظہار تعزیت، فاروق ستار سے ملاقات
لاہور(18نومبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے رائیونڈ میں امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چودھری سالک حسین ایم این اے، راسخ الٰہی اور دیگر شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے مولانا طارق جمیل، مولانا نذر الرحمن، مولانا احسان الحق، مولانا خورشید اور مولانا احمد بٹلہ سے تعزیت بھی کی۔ انہوں نے اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی حاجی عبدالوہاب کی عیادت کیلئے بھی جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے ان کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تبلیغ اسلام کا ایک روشن ستارہ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کیلئے وقف کر رکھی تھی، دین کے فروغ اور اسلامی شعار پر عمل کی تبلیغ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور عالم اسلام میں انہیں اہم مقام حاصل تھا، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔

