عمران خان نے ترقی اور خوشحالی لانے کی پالیسی وضع کر دی ہے، انشاء اللہ وعدے پورے ہوں گے: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار محنت اور کوشش کر رہے ہیں ان کی محنت رنگ لائے گی: پی ایف یو جے کے وفود سے گفتگو

لاہور(30نومبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفود سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے کی پالیسی وضع کر دی ہے، انشاء اللہ وعدے پورے ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار محنت اور کوشش کر رہے ہیں ان کی محنت ضرور رنگ لائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کو مضبوط کرنے میں ہی پاکستان کا بھلا ہے، وہ نیک نیت رہنما ہیں حکمران نیک نیت ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتا ہے اور ملک معاشی طور پر مضبوط ہوتا ہے، ہم عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے اور پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ ان کا حق تھا، ابتدائی 100 دن میں وزیراعظم نے اپنی پالیسی وضع کر دی ہے اب اسی پالیسی کے تحت آگے بڑھنا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ہمارے پرانے تعلقات ہیں وہ عام آدمی ہیں اور عام آدمی کے مسائل سے واقفیت رکھتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ خلوص نیت سے ان کے ساتھ چل رہی ہے اور انہیں کامیاب بنائے گی ہم جس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ان کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔ صحافی رہنماؤں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ صحافیوں کا ساتھ دیا، انہوں نے مختلف شہروں میں بلاامتیاز صحافیوں کو ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنا کر پلاٹ دئیے، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے فلاح و بہبود کے ہمارے منصوبے ختم کر دئیے، مریضوں سے دشمنی کرتے ہوئے ہسپتال بھی نہیں بننے دئیے، انہوں نے کوئی بھی کام دور اندیشی کی بجائے صرف سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کیا، ہم نے پنجاب کے خزانے میں 100 ارب روپے چھوڑے تھے شہبازشریف نے صوبے کو دیوالیہ کر دیا، ہم نے اپنے دور حکومت میں شریف فیملی سے خیر خواہی کی اور ان کے کاروبار بھی چلاتے رہے مگر شہبازشریف نے وزارتِ اعلیٰ کے دس سالہ دور میں ہمارے خلاف جھوٹے کیس بنائے گئے مگر ہمارا دامن صاف ہے اس لیے اللہ کریم نے ہماری مدد فرمائی، شریف خاندان اپنی عوام دشمنی کے باعث اللہ کی پکڑ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ترقیاتی کاموں کیلئے خود ہر ماہ افسروں سے پراگریس رپورٹ لیتا تھا، آئی ٹی محکمہ، آئی ٹی ٹاور بنایا، سیٹلائیٹ لنک، کال سینٹر بنائے، کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹ کیلئے مختلف ممالک کے ڈیزائن میں سے کیلیفورنیا کا ڈیزائن پسند آیا اور اس کے مطابق نمبر پلیٹس بنوائیں، بیوروکریسی کی تربیت کے لیے دنیا کی بہترین بیورو کریسی اور سنگاپور ماڈل کو سٹڈی کیا، ہم نے بیوروکریسی میں عوامی خدمت کا جذبہ پیدا کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بے جا مداخلت ختم کی، لاہور چڑیا گھر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈویلپ کیا، نابینا افراد کا محکمہ بنایا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے 160 سے زائد ادارے قائم کیے اور ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ مقرر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں صحافی کالونیاں بنائیں، شہبازشریف کے حمایتی صحافیوں کو قرعہ اندازی سے پہلے خود پلاٹ دئیے تا کہ ان کے بچوں کو بھی چھت میسر آ سکے، ہم نے اپنے دور حکومت میں وہ کام کیے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوا، ریسکیو 1122 ایمرجنسی میں کام کرنے والی دنیا کی بہترین سروس ہے، ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر سہولیات مفت فراہم کیں۔ ہمارے دور حکومت میں ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں بیس ہزار روپے تک کا ٹیکہ مفت مہیا کیا جاتا تھا۔

صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم، سیکرٹری جنرل جی ایم جمالی، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری اشرف مجید، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس حسن عباس، جنرل سیکرٹری عاجز جمالی، چیئرمین ایپنک اکرام بخاری، وائس چیئرمین نعیم مصطفی اور لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری نے صحافیوں کے حوالے سے چودھری پرویزالٰہی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ صحافیوں کی بہتری کیلئے اقدامات کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں صحافیوں کو بھی شامل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم سے بات کریں گے اور امید ہے کہ ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے صحافیوں کیلئے بھی مکانات تعمیر کریں گے۔

Share