چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا کرتارپور راہداری کھلنے پر انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے ذریعہ خیرسگالی کا پیغام
December 3, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
342 Views
چودھری شجاعت حسین سے بھی بھارتی وفد کی ملاقات، 1122 اور شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات چودھری پرویزالٰہی کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں: پروفیسر روی
لاہور(03دسمبر2018) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد نے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر روی ون کھدکر کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کیپٹن (ر) امریندر سنگھ کی جانب سے کرتارپور راہداری کھلنے پر انہیں خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ وفد نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھلنے سے سکھ برادری کو اپنے مقدس مقامات تک آسان رسائی ہو گی اور دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ ملے گا، حکومت پاکستان سکھوں کے تمام مقدس مقامات کو اہمیت دیتی ہے اور یاتریوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ڈاکٹر انسانیت کے مسیحا ہیں اور رنگ و نسل کے فرق کے بغیر لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔ وفد کے سربراہ پروفیسر روی ون کھدکر نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کا قیام، ہسپتالوں میں فری ادویات و طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبہ میں دیگر انقلابی اقدامات ان کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وفد میں انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے نائب صدر پروفیسر بخشی، پروفیسر ورک، پروفیسر فیصل غنی، صدر نیپال سوسائٹی آف سرجنز پروفیسر بخشی ورما، پروفیسر عبدالمجید چودھری، ڈاکٹر سبینہ اور ڈاکٹر مینا شامل تھے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کا وفد ایک میڈیکل سمپوزیم میں شرکت کیلئے 3 روزہ دورہ پر لاہور آیا ہے۔

