وزیراعلیٰ پنجاب سے مل کر صحافی کالونی فیز ٹو کا قیام یقینی بنائیں گے: چودھری پرویزالٰہی
December 29, 2018
Featured, News, Pictures, Urdu News
212 Views
صحافی کالونی فیز ون کے بعد فیز ٹو کے فاؤنڈر بھی چودھری پرویزالٰہی ہیں: ارشد انصاری کی قیادت میں سینئر صحافیوں کی ملاقات
صحافی چودھری پرویزالٰہی کی گرانقدر خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے، وفد میں شہزاد حسین بٹ، نعیم حنیف، ناصر رمضان گجر شامل تھے
لاہور(29دسمبر2018) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی سالک حسین سے پریس کلب لاہور کے جرنلسٹس پینل کے امیدوار برائے صدر ارشد انصاری، شہزاد حسین بٹ امیدوار برائے سیکرٹری، جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس نعیم حنیف اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ پنجاب ناصر رمضان گجر نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافیوں کو درپیش مشکلات کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کیا جائے گا، امید ہے کہ جلد از جلد صحافیوں کو پلاٹ الاٹ کر دئیے جائیں گے۔ جرنلسٹس پینل کے امیدوار برائے صدر ارشد انصاری اور جنرل سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے چودھری پرویزالٰہی کی صحافیوں کیلئے گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر صحافیوں کو چھت فراہم کر کے آپ نے صحافی برادری کے دل جیت لئے اور صحافی زندگی بھر اس احسان کو فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی صحافی کالونی فیز ون کے فاؤنڈر ہیں اور انہی کی کوششوں سے فیز ٹو کا قیام بھی یقینی بن رہا ہے۔

