پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں جدید ترین ساؤنڈ اور ویڈیو براڈکاسٹنگ سسٹم لگائے جائیں: سپیکر چودھری پرویزالٰہی

اجلاس میں زیرتعمیر مسجد اور ہوسٹل جلد مکمل کرنے کی ہدایت، ارکان کے ڈرائیورز کیلئے بیٹھنے کا معقول انتظام کیا جائے

لاہور(02جنوری2019) پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر بلڈنگ کی پراگریس کے جائزہ کیلئے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور این سی اے کے افسروں نے سپیکر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے تعمیراتی اداروں کو تاکید کی کہ نئی بلڈنگ کا کام بلاتاخیر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئی بلڈنگ کو یادگار اور خوبصورت بنانا چاہتے ہیں۔ سپیکر نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ بلڈنگ میں فول پروف سکیورٹی کو مدنظر رکھا جائے اور زیرتعمیر مسجد اور ہاسٹل بھی جلد مکمل کئے جائیں۔ سپیکر نے نئی بلڈنگ میں ارکان اسمبلی کے ڈرائیورز کیلئے بھی بیٹھنے کا معقول بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، نیسپاک اور سیکرٹری اسمبلی کو مزید ہدایات دیں کہ ساؤنڈ سسٹم اور ویڈیو براڈکاسٹنگ سسٹم کیلئے نیشنل اسمبلی، خیبر پختونخواہ اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں نصب سسٹمز کا تقابلی جائزہ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں جدید ترین سسٹم لگایا جائے۔ اجلاس میں دفاتر کیلئے فرنیچر کے ڈیزائنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلڈنگز ڈیپارپمنٹ، نیسپاک، پی ایچ اے اور دیگر تعمیراتی اداوں کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

Share