وزیراعظم عمران خان نے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کا کہا مودی مثبت جواب دیں: چودھری پرویزالٰہی قائم مقام گورنر پنجاب
January 4, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
362 Views
پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے عوامی رابطے ضروری ہیں، وکلاء مؤثر حیثیت کے باعث راہ ہموار کر سکتے ہیں: بھارتی وکلاء کے وفد سے گفتگو
پاکستان سے محبت کا پیغام لے کر جا رہے ہیں، وفود کے باہمی تبادلوں سے ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا: پرتاپ سنگھ ایڈووکیٹ
لاہور(04جنوری2019) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم کا منصب سنبھالتے ہی نریندر مودی سے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کا کہا تھا اس پر پیش رفت ہونی چاہئے، شایدالیکشن کی وجہ سے نریندر مودی نے عمران خان کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور کوریڈور کا آغاز کر کے محبتوں کے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں بھارتی وکلاء کے 32رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایڈووکیٹ پرتاپ سنگھ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت عوام میں رابطے اور تعلقات ضروری ہیں، اس سلسلہ میں وکلاء جو دونوں ممالک میں مؤثر حیثیت کے حامل ہیں جو خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبتوں اور پیار کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو انہوں نے امرتسر اور لاہور کے درمیان دوستی بس سروس کا آغاز کیا، واہگہ بارڈر سے ننکانہ صاحب تک دو رویہ سڑک تعمیر کی۔ بھارتی وکلاء وفد کے سربراہ ایڈووکیٹ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان سے خوشگوار یادیں اور محبتوں کا پیغام لے کر جارہے ہیں۔ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ لاہور آکر ایسا محسوس ہوا کہ جیسے ہم اپنے گھر میں بیٹھے ہیں۔

