تعلیمی معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرنا ہو گا: چودھری پرویزالٰہی

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد سے ملاقات میں گفتگو، قائم مقام گورنر کی محسن نقوی کے ماموں سید نجم الحسین کی نماز جنازہ میں بھی شرکت

لاہور(08جنوری2019) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے آج وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے ملاقات کی اور ادارے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ماہر تعلیم، کالم نگار ڈاکٹر اے آر خالد بھی موجود تھے۔ جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین سٹی نیوز نیٹ ورک سید افضل حسین کے بھائی اور سید محسن نقوی کے ماموں سید نجم الحسین کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اور مرحوم کے عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کی۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے وائس چانسلر سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت عوام کو صحت، تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیمی معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے محنت کرنا ہو گی، تعلیمی اداروں میں اعلیٰ روایات کو فروغ دے کر ان کے وقار کو مزید بلند کرنا ہو گا۔ قائم مقام گورنر نے کہا کہ صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں تعیناتیوں کو میرٹ کے مطابق پر کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کو با اختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے معاملات بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری پڑھی لکھی نوجوان نسل نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ہمیں ان میں مزید اعتماد پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

Share