Thursday , December 7 2023
Breaking News
Home / Featured / پاک چین دوستی خطہ میں پائیدار امن کی حامل ہے، قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی سے چینی سفیر کی ملاقات

پاک چین دوستی خطہ میں پائیدار امن کی حامل ہے، قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی سے چینی سفیر کی ملاقات

بطور وزیراعلیٰ آپ نے سندر اسٹیٹ، گارمنٹس سٹی اور دیگر اہم منصوبے بنائے، چودھری شجاعت حسین کا چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھنا قابل ستائش ہے: مسٹر یاؤ جنگ

وزیراعظم عمران خان اور سی پیک کے باعث علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا : دونوں رہنماؤں کے درمیان گورنر ہاؤس میں گفتگو

لاہور(10جنوری2019) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے دوران پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ میں پائیدار امن کی حامل ہے، ہر مشکل گھڑی میں چاہے وہ جنگ ہو یا قدرتی آفات چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے، سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو نہ صرف خطہ میں بلکہ عالمی سطح پر بھی مزید اہم حیثیت حاصل ہو چکی ہے، چین کشمیر اور دیگر امور پر پاکستان کے اصولی موقف کی دنیا بھر میں سفارتی سطح پر کھل کر حمایت کرتا ہے، خطے میں امن و سلامتی اور ترقی کیلئے وزیراعظم عمران خان اپنا رول بخوبی ادا کر رہے ہیں اور آج دونوں ممالک پائیدار علاقائی اور عالمی امن کیلئے شانہ بشانہ کوشاں ہیں۔ چین کے سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے چودھری پرویزالٰہی کے خیالات و جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیں اپنا دوسرا گھر لگتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم آپ کے بطور وزیراعلیٰ قائم کردہ لاہور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں گارمنٹس پلانٹ لگانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ نے فیصل آباد گارمنٹس سٹی اور دیگر اہم منصوبے بنائے اور پنجاب کی ترقی میں جو رول ادا کیا تھا اسے آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مسٹر یاؤ جنگ نے چودھری شجاعت حسین سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چین کے بارے میں جو جذبات اور احساسات ہیں وہ ہمارے لیے بہت اہم اور قابل ستائش ہیں، وہ چین کو اپنا دوسرا گھر کہتے ہیں۔

Check Also

Terrorists are attacking freely, but the priority of fake rulers is not to establish law and order, but only political revenge: Ch Parvez Elahi

Those pursuing agenda of victimization should hear Imran Khan’s way cannot be blocked, people are …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *