پنجاب اسمبلی کا تاریخی اقدام، چودھری پرویزالٰہی نے خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے

پروڈکشن آرڈرز کے معاملے میں وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، وزیر قانون بشارت راجہ اور تمام ارکان اسمبلی سے مشاورت کی گئی

بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کیلئے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا: میڈیا سے گفتگو

لاہور(03جنوری2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم نے نیب کی تحویل میں رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں، خواجہ سلمان آج اور کل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے آ سکتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اقدام ہے، اس سے پہلے پروڈکشن آرڈرز کا اختیار صرف قومی اسمبلی، کے پی کے، سندھ سمیت بلوچستان اسمبلی کے پاس تھا جبکہ پنجاب اسمبلی میں پروڈکشن آرڈرز کیلئے ترمیمی بل پر وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیر قانون محمد بشارت راجہ اور تمام ارکان اسمبلی سے مشاورت کی گئی۔ سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن اس ایوان کا حصہ ہے ان کی رائے کی قدر کرتا ہوں، پروڈکشن آرڈر کا کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کیلئے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بنیاد رکھ دی ہے بنیاد مضبوط ہو گی تو بلڈنگ بھی مضبوط ہو جائے گی۔ بعد ازاں سپیکر چودھری پرویزالٰہی کے آرڈرز پر نیب حکام رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لائے اور انہوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

Share