کسان ہماری طاقت ہیں، مسائل حل کرانے کی کوشش کرینگے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی
January 17, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
346 Views
آپ نے ہمیشہ کسان دوستی کا ثبوت دیا، صدر کسان بورڈ پاکستان چودھری نثار احمد کی قیادت میں وفد کی ملاقات
پاکستان کی حفاظت کیلئے اقلیتیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں، سپیکر کی سابق بشپ الیگزینڈر جان ملک کی کتاب وصول کرتے ہوئے گفتگو
لاہور(17جنوری2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے کسان بورڈ پاکستان کے وفد نے صدر چودھری نثار احمد کی سربراہی میں اور سابق بشپ آف لاہور الیگزینڈر جان ملک نے الگ الگ ملاقات کی۔ کسان وفد نے سپیکر سے کسانوں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے آلو کے کاشتکاروں کی زبوں حالی بتائی۔ چودھری نثار احمد نے کہا کہ شوگر ملیں سرکاری ریٹ پر گنا نہیں خرید رہیں اور نہ ہی بروقت ادائیگی کر رہی ہیں بلکہ پچھلے سال کے واجبات بھی کئی شوگر ملوں نے ابھی تک ادا نہیں کئے۔ وفد نے پنجاب ایگری کلچر کمیشن اور ضلعی سطح پر ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کسان ہماری طاقت ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کسانوں کے مسائل حل کروانے کی پوری کوشش کریں گے۔ چودھری نثار احمد نے کہا کہ کسانوں کے مسائل میں دلچسپی آپ کی کسان دوستی کا ثبوت ہے۔ کسان بورڈ کے سیکرٹری جنرل چودھری شوکت علی سمیت وفد نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح کسان طبقے کے مسائل حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو سابق بشپ آف لاہور الیگزینڈر جان ملک نے اپنی کتاب پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان سے گفتگو میں سے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے تمام مذاہب اور فرقہ سے قطع نظر ہر پاکستانی کو کردار ادا کرنا ہو گا، مسیحی برادری نے ہر مشکل گھڑی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کیا اور تمام اقلیتیں وطن عزیز کی حفاظت کیلئے ہمارے ساتھ صف آراء ہیں اور انہوں نے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی تنظیموں کی ملک میں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے یقین ظاہرکیا کہ ہم سب مل کر ایک قوم ہو کر اس پاک سرزمین کو قائداعظم کے خواب کے مطابق استوار کریں گے۔ الیگزینڈر جان ملک نے پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ سے متعلق ہونے والی قانون سازی کو سراہا۔

