مسلم لیگی ارکان پارلیمنٹ کا صوبائی اور وفاقی حکومت کے منفی رویوں پر اظہار تشویش، چودھری شجاعت حسین کو فیصلہ کا اختیار دیدیا

ارکان اسمبلی نے پارٹی صدر اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو اپنے اپنے حلقوں کے معاملات سے آگاہ کیا، کے پی کے اسمبلی کے رکن مفتی عبید نے بھی شرکت کی

متفقہ قراردادوں کے ذریعہ سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے، بڑھتی مہنگائی، جرائم کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد/لاہور(21جنوری2019) پاکستان مسلم لیگ کی صوبائی و قومی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملک کے سیاسی و معاشی حالات زیر غور آئے خاص طور پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کے استعفیٰ پر ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے مسلم لیگی قیادت چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو اپنے اپنے حلقوں میں موجودہ صوبائی اور و فاقی حکومت کے منفی رویوں سے متعلق آگاہ کیا۔ کے پی کے سے ایم پی اے مفتی عبید الرحمن نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور چودھری شجاعت حسین کو کے پی کے کے معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کی۔ اجلاس میں سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، چودھری سالک حسین، چودھری حسین الٰہی، مسز فرخ خان، وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، چودھری شجاعت نواز اجنالہ، احسان الحق، محمد رضوان، ڈاکٹر محمد افضل، محمد عبداللہ یوسف، خدیجہ فاروقی کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا اور میاں منیر بھی شامل تھے۔ اجلاس میں ساہیوال کے افسوسناک اور المناک سانحہ پر ارکان نے ایک قرار داد کے ذریعے شدید تشویش کا اظہار کیا اور مظلوم خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحہ کے ذمہ داران کو قرار واقع سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، لواحقین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ اجلاس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ایک اور قرارداد کے ذریعے ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے چودھر ی شجاعت حسین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کرنے کا اختیار ان کو دے دیا۔

Share