پاکستان مسلم لیگ کے ملک سرور بلدیہ یزمان کے چیئرمین اور سید نواز شاہ وائس چیئرمین منتخب
February 19, 2019
Featured, News, Urdu News
324 Views
طارق بشیر چیمہ گروپ نے ن لیگ کو بھاری اکثریت سے ہرا دیا، چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد
لاہور(19فروری2019) پاکستان مسلم لیگ کے ملک محمد سرور بھاری اکثریت سے میونسپل کمیٹی یزمان ضلع بہاولپور کے چیئرمین اور سید محمد نواز شاہ وائس چیئرمین منتخب ہو گئے۔ انہوں نے 14 جبکہ ان کے مقابلہ میں شکست کھانے والے ن لیگ کے امیدواروں نے 9 ووٹ حاصل کیے۔ ان کا تعلق پاکستان مسلم لیگ کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے گروپ سے ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نومنتخب چیئرمین ملک محمد سرور اور وائس چیئرمین سید نواز شاہ اور اپنے گروپ کی اس شاندار جیت کیلئے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طارق بشیر چیمہ کا گروپ اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا اور آئندہ مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔
