بھارتی طیاروں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب اسمبلی کی افواج پاکستان اور پوری قوم کو مبارکباد

سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام رولز معطل کر کے قرارداد منظور کی گئی، عالمی برادری سے بھارت کیخلاف کارروائی کی اپیل

لاہور(27فروری2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رولز کو معطل کر کے حالیہ بھارتی جارحیت پر پاک فوج کی کامیاب جوابی کارروائی کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرار داد صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشیداور سابق سپیکر رانا محمد اقبال خان کی طرف سے پیش کی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان گزشتہ روز بھارتی طیاروں کی جانب سے پاکستانی حدود میں دراندازی کے جواب میں آج بھارت کے دو طیارے مار گرانے اور پائلٹ گرفتار کرنے کی کامیاب کارروائی پر افواج پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے، ان بھارتی طیاروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر یہ کارروائی کر کے پاک فوج کے شاہینوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس ایوان کی رائے ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے لیکن جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی سیاسی و فوجی قیادت نے ہمیں اپنے دفاع میں اس کارروائی پر مجبور کیا۔ اس کامیاب دندان شکن کارروائی کے بعد اب بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور سمجھ لینا چاہیے کہ دونوں ملکوں کی افواج میں بنیادی فرق یہ ہے کہ دشمن کی فوج موت سے خوف زدہ جبکہ ہماری افواج جذبہ شہادت سے سرشار اور وطن کی خاطر موت کو گلے لگانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ یہ ایوان وفاقی حکومت کے ذریعے عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے آئندہ انتخاب جیتنے کیلئے دنیا کا امن داؤ پر لگانے کی پاداش میں مناسب کارروائی کی جائے۔

Share