حکمرانوں کی نیت اور سوچ عمران خان کی طرح اچھی ہو تو ملک ترقی کرتا ہے: چودھری پرویزالٰہی

اپنی وزارتِ اعلیٰ میں محنت اور خدمت سے عوام کے دل جیتے، 16 بل پاس کر کے پنجاب اسمبلی تمام اسمبلیوں سے زیادہ قانون سازی کر چکی ہے: پلڈاٹ کے وفد سے گفتگو

لاہور(27مارچ2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نیت اور سوچ اچھی ہو جیسے عمران خان کی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، عوام کی خدمت کو ہمیشہ عبادت سمجھا ہے، وزارتِ اعلیٰ کے دوران ہم نے ادویات، میٹرک تک تعلیم، بچوں میں کتابیں اور یونیفارم فری فراہم کئے، ہماری شروع کی ہوئی 1122 ریسکیو سروس سات منٹ میں مدد کیلئے پہنچتی ہے، ہم نے محنت اور کوشش سے عوام کے دل جیتے ہیں، اب تک 16 بل پاس کر کے پنجاب اسمبلی نے ملک کی تمام اسمبلیوں سے زیادہ قانون سازی کی ہے، ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا و فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، نوجوان پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کا سیاست میں مثبت کردار پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔ وہ احمد بلال محبوب کی سربراہی میں آئے ہوئے پلڈاٹ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی، جمعیت علماء اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے نوجوان سیاسی کارکن شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، رضوان ممتاز علی میڈیا ایڈوائزر پاکستان مسلم لیگ اور سید شاکر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں نابینا افراد کیلئے لاہور اور بہاولپور میں 2 کالج بنوائے، ایجوکیشن کا بجٹ دوگنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سیاست کا آغاز لوکل باڈیز سے کیا تھا، پی ٹی آئی اور ہماری اتحادی حکومت ہے، ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جنوبی پنجاب کے مسائل کو ہمیشہ اوّلیت دی، ملتان میں برن یونٹ اور تمام سہولتوں سے آراستہ امراضِ دل کا ہسپتال بنوایا، جنوبی پنجاب کے عوام محنت اور خدمت کے باعث مجھ سے خوش تھے اس لیے اس دور میں کبھی الگ صوبے کا مطالبہ نہ کیا گیا۔

Share