پنجاب اسمبلی ملازمین کے سروسز رولز اور سیکرٹری محمد خان بھٹی کو گریڈ 22 دینے کی منظوری
April 3, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
271 Views
سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں خزانہ کے وزیر اور سیکرٹری بھی شریک تھے، تمام فیصلے متفقہ طور پر کئے گئے
لاہور(03اپریل2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی فنانس کمیٹی نے اسمبلی ملازمین کے سروسز رولز 2019ء اور سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کو گریڈ 22 دینے کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ ہاشم جوان بخت، فنانس کمیٹی کے ممبران راجہ یاور کمال، مظفر علی شیخ، شجاعت نواز اجنالہ، رئیس نبیل احمد، کاشف محمود، میاں طارق عبداللہ اور صوبائی سکرٹری خزانہ نے شرکت کی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 87 (جسے آرٹیکل 127 کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے) کے تحت اسمبلی ملازمین کی سروسز ریگولیٹ کرنے کیلئے پروونشل اسمبلی آف دی پنجاب سیکرٹریٹ سروسز ایکٹ 2019 پاس کر لیا ہے۔ اس قانون کے سیکشن 26 کے تحت پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ (سروسز) رولز 2019 کا مسودہ فنانس کمیٹی نے سیر حاصل بحث کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ میٹنگ میں فنانس کمیٹی کے ممبر مظفر علی شیخ کی پیش کردہ ٹیبل موشن کے تحت سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کو متفقہ طور پر گریڈ 22 دینے کی منظوری دی گئی۔ محمد خان بھٹی اپریل 2012ء سے گریڈ 21 میں کام کر رہے ہیں، وہ 2007ء میں سپیشل سیکرٹری گریڈ 20 کے عہدے پر تعینات ہوئے، مارچ 2008ء میں سیکرٹری اسمبلی گریڈ 20 تعینات ہوئے اور گزشتہ 7 سال سے گریڈ 21 میں ہیں۔


