صوبہ کے عوام کی بلاتفریق خدمت کر رہے ہیں، پنجاب اسمبلی کو خودمختار ادارہ بنا دیا: چودھری پرویزالٰہی

چھوٹے ملازمین کیلئے ایم پی ایز ہاسٹل کے ساتھ 60 رہائش گاہیں تعمیر کر رہے ہیں: ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

لاہور(05اپریل2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بلاتفریق صوبہ کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ’’پراونشل اسمبلی آف دی پنجاب سیکرٹریٹ سروسز ایکٹ 2019‘‘ اسمبلی سے پاس کروا کے پنجاب اسمبلی کو صحیح معنوں میں خودمختار ادارہ بنایا ہے۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران انہیں شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی ملازمین نے ہمیشہ خوش دلی اور محنت سے کام کر کے بہترین سروسز فراہم کی ہیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب میں سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اسمبلی ملازمین نے ہمیشہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی نیک نامی اور سربلندی کیلئے کام کیا ہے، آپ کو باعزت اور پروقار طریقے سے رخصت کرتے ہوئے جہاں مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے وہیں میرا دل آپ کی جدائی سے بوجھل ہے، میں نے اپنی سپیکر شپ کے سابقہ دور میں بھی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سٹاف کی بہتری ہمیشہ مدنظر رکھی اب بھی آپ کی بہتری کیلئے کوشاں رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین بلاتفریق مجھے عزیز ہیں، آپ کی ضروریات کا احساس ہے، چھوٹے ملازمین کیلئے ایم پی ایز ہاسٹل کے ساتھ 60 سے زائد رہائش گاہیں تعمیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ کی بنیاد میں نے بطور وزیراعلیٰ رکھی اب اس کی تکمیل کیلئے شب و روز محنت کر رہے ہیں تاکہ ارکان اور سٹاف کیلئے جگہ کی تنگی کا مسئلہ حل ہوسکے اور کام کرنے کا بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ چودھری پرویزالٰہی نے ریٹائر ہونے والے ملازمین خورشید احمد سٹاف افسر برائے سپیکر، افتخار احمد ہیڈ ٹرانسلیٹر، ہارون احمد خان ہیڈ ٹرانسلیٹر، ممتاز احمد خان سپرنٹنڈنٹ، محمد رفیق بیرر، عبدالقیوم ہیڈ فراش اور محمد سلیم فراش کو اعزازی شیلڈیں بھی دیں۔

Share