پاکستان بزنس کے فروغ کیلئے آئیڈیل ملک ہے: چودھری پرویزالٰہی
April 14, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
395 Views
وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی بزنس کمیونٹی کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے: پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس کمیونٹی کے وفد سے خطاب
پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں، وفد کے سربراہ سعید میاں کی جانب سے چودھری پرویزالٰہی کو بزنس کانفرنس جوہانسبرگ میں شرکت کی دعوت
لاہور(14اپریل2019) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوسرے ممالک کی بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں بزنس کیلئے مائل کیا جائے اور ان کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جن سے ان کا بزنس فروغ پائے، حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ گورنر ہاؤس میں پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس کمیونٹی کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے نقشے پر اپنی الگ شناخت بنا رہا ہے، بزنس کے فروغ کیلئے آئیڈیل ملک ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل کا شعبہ پاکستان میں ہمیشہ مضبوط رہا ہے، 2002ء سے 2008ء تک بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جس میں ون ونڈو کے ذریعے تاجر برادری کے تمام مسائل حل کیے جاتے ہیں، فیصل آباد گارمنٹس سٹی اور ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جو مکمل فنکشنل ہیں، جو بھی یہاں صنعت لگانا چاہے وہ فوری طور پر کام شروع کرسکتے ہیں کیونکہ پاکستان اس وقت ترقی کر رہا ہے، عمران خان حکومت کا ویژن ہے کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے حکومت ان کے بزنس کے فروغ کیلئے مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس فورم کے وفد میں سعدی فاروقی، سید ایچ میاں، روفس ردھیب، حسن بھدیلیہ، ابراہیم پٹیل، سلیم شکور، اعجاز محمود خان، راشد اقبال، محمد حنیف، محمد الیاس، چودھری اظہر محمود اور محمد رفیق میمن شامل تھے جبکہ پاکستان بزنس مین صفدر سندھو اور اعجاز چودھری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ساؤتھ افریقہ بزنس کمیورٹی کے چیئرمین سعید میاں نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جوہانسبرگ میں بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی واپس آ کر اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں۔

