عثمان بزدار کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا: چودھری پرویزالٰہی

صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، جلد ملتان صحافی کالونی فیز ٹو کا بھی آغاز کیا جائے گا

لاہور(02مئی2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملتان کے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صحافی کالونی ملتان کے جتنے مسائل ہیں انہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مل کر احکامات جاری کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام اور صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا ہے اور صحافی کالونی ملتان جس کی منظوری میں نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں دی تھی اس کو جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ملتان اور صحافی کالونی کا بھی دورہ کریں گے اور صحافی کالونی فیز ٹو کابھی آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہم نے اپنے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور ماضی کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ مل کر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا ۔ اس موقع پر شکیل انجم نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا اور پریس کلب ملتان کے دورے کی دعوت بھی دی ۔

Share