وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی میں عوامی فلاح کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنانے پر اتفاق
June 15, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
423 Views
ملاقات میں طارق بشیر چیمہ اور مونس الٰہی بھی موجود تھے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق پنجاب حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے: سردار عثمان بزدار
پچھلی حکومت نے میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبے ذاتی انا کی بھینٹ چڑھا دئیے، عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دی: چودھری پرویزالٰہی
لاہور(15جون2019) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہفتہ کو پنجاب اسمبلی میں سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ متوازن اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ نے بجٹ تقریر کے دوران ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر چودھری پرویزالٰہی کو ایک بار پھر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے علاوہ سیاسی صورتحال اور بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران غیر پارلیمانی روئیے کا مظاہرہ کیا، ہم نے بہترین اور متوازن بجٹ پیش کر کے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے، اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظرانداز کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے، بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حقیقی ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی گئی ہے کیونکہ پنجاب بدلے گا تو پاکستان میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی رائے کو اہمیت دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تبدیل ہو رہا ہے، عمران خان جیسا لیڈر ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے، ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے، عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزر چکا ہے، سابق دور میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کا بے پناہ نقصان کیا گیا، عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پچھلی حکومت نے صوبے کا حلیہ بگاڑ دیا، غلط پالیسی سے صوبے کو دیوالیہ کیا، میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا، فلاح عامہ کے ان منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا جبکہ موجودہ دور عوام کا اپنا دور ہے، اب صوبے میں ذاتی پسند و نا پسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔

