ملک کو آگے لے جانے کیلئے عمران خان کے علاوہ کوئی چوائس نہیں: چودھری پرویزالٰہی
June 18, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
513 Views
وزیراعلیٰ عثمان بزدار بڑے کم گو مگر صاف گو ہیں، ان کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے، میاں برادران نے ملک دیوالیہ کر دیا
صحافی برادری نے ہر نازک موڑ پر ملک و قوم کی بھلائی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں: پریس گیلری کمیٹی کی تقریب حلف برداری سے خطاب
لاہور(18جون2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے عمران خان کے علاوہ کوئی چوائس نہیں، عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں وہ بڑے کم گو مگر صاف گو ہیں، ہماری اتحادی حکومت ہے، ہم ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے، ہماری وزارتِ اعلیٰ کے دور میں 100ارب روپے سرپلس تھے، میاں برادران اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں ہیں انہوں نے ملک دیوالیہ کر دیا، سستی روٹی سکیم، دانش سکول سسٹم اور صاف پانی سمیت ان کے تمام منصوبے فلاپ ہو چکے ہیں، ہم نے صحت کارڈ جاری کرنے کی بجائے عوام کو فری ادویات فراہم کی تھیں، صحافی برادری نے ہر نازک موڑ پر ملک و قوم کی بھلائی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ پروقار تقریب پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمد بشارت راجہ، ارکانِ اسمبلی، پریس گیلری کمیٹی کے ممبران، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور افتخار طاہر نے بھی شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزیدکہا کہ حمزہ شہباز کے تایا نے مرکز اور ابا نے جو صوبے میں کیا ہے ایسا تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا جبکہ ہمارے دور کے قائم کردہ ریسکیو 1122، کارڈیک ہسپتال اور دیگر تمام ادارے چل رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے سچ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی عوامی نمائندوں اور عوام کے درمیان موثر رابطہ میں بھر پور کردار ادا کرتے ہیں، ہمیں اپنے ان تمام صحافی بھائیوں اور بہنوں پر فخر ہے جنہوں نے استحکام پاکستان کیلئے اپناکردار بخوبی ادا کیا اور اپنے قلم کے ذریعے جہاد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بجٹ پاس کروا لیں گے۔ پریس گیلری کمیٹی کے صدر نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کا خیال رکھا ہے جس کیلئے ہم ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے پریس گیلری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔


