عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے: چودھری پرویزالٰہی، سردار عثمان بزدار
June 28, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
286 Views
وزیراعلیٰ کی ملاقات میں اسمبلی اجلاس احسن طور پہ چلانے پر سپیکر کو مبارکباد، بجٹ کی منظوری میں اہم کردار کی تعریف
لاہور(28جون2019) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اتفاق کیا ہے کہ وہ صوبہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر قانون و بلدیات محمد بشارت راجہ بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چودھری پرویزالٰہی کو اسمبلی کو احسن طور پہ چلانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بجٹ کی منظوری میں ان کا اہم کردار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس کا کوئی بھی ڈرامہ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور وہ پوری نیک نیتی سے اس کیلئے کوشاں ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پچھلے دور میں ترقی کے نام پر تماشہ کیا گیا، ”خادم اعلیٰ“ کی شوبازیاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں، عوام ان کی اصلیت جان گئے ہیں، اپوزیشن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے کیونکہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے جبکہ ہم نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی، ان کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا اور اب بھی وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے ساتھ مل کر پنجاب کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔


