چودھری پرویزالٰہی سے جنوبی کوریا کے سفیر اور پارلیمانی وفد کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور رابطے بڑھانے پر زور
July 24, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
454 Views
کوریا کے صنعتکاروں کو خصوصی سہولتیں دی جائیں گی، وزیراعظم عمران خان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی
دونوں ملکوں میں الیکٹرانک اور زرعی انڈسٹریز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے: سفیر جنوبی کوریا
لاہور(24جولائی2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جمہوریہ کوریا کے سفیر سنگ کی کواک اور پارلیمانی وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی کے ارکان محترمہ بی سک چو اور وون چن چنگ کے علاوہ چھ اعلیٰ سفارتکار بھی شامل تھے۔ کورین سفیر اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعلقات اور رابطوں میں اضافہ پر زور دیا۔ کوریا کے سفیر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات شروع سے ہی دوستانہ ہیں، کورین عوام پاکستان باالخصوص پنجابی کلچر سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی دیکھنے کا اتفاق ہوا یہ منظر جذباتی لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زرعی انڈسٹری پنجاب کی زرعی انڈسٹری سے مل کر کام کرنا چاہتی ہے خاص طور پر فوڈ آئٹمز کے حوالے سے جبکہ الیکٹرانک انڈسٹری میں بھی مزید تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان الیکٹرانکس مصنوعات کی بڑی مارکیٹ ہے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے 9 رکنی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تعلقات 45 سال سے قائم ہیں، حالیہ برسوں میں باہمی تجارت بڑھ کر ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد ہو گئی ہے جو دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا ثبوت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان موجودہ معاشی بحران پر قابو پانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں اور اس کیلئے پرامن اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار اور ترقیاتی پالیسیوں پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوریا تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت، ٹیلی کام، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھا کر بہت فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاک کوریا پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کی صدر و رکن قومی اسمبلی محترمہ بی سک چو کا کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ دونوں ملکوں کے عوام کے فائدہ کیلئے ان کی پارلیمنٹس میں تعاون بڑھانے کیلئے بہترین فورم ہے جبکہ وفود کے تبادلہ میں اضافہ سے دو طرفہ تعلقات میں بھی اضافہ ہو گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے امید ظاہر کی کہ ہمارے باہمی تعلقات مستقبل میں مزید وسیع اور گہرے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک کوریا تعلقات ہمیشہ مثبت رہے ہیں، جنوبی کوریا کے صنعتکاروں کو پاکستان میں انڈسٹری لگانے کے حوالے سے مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، خاص طور پر گارمنٹس سٹی فیصل آباد اور اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور میں پورا تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب کی ترقی کے حوالے سے بہت سے میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے خاص طور پر چھوٹے ڈیموں کا قیام، ٹیل تک پانی کی فراہمی، سڑکوں کے جال، کسانوں کو سبسڈی، سستی کھاد، فارم ٹو مارکیٹ روڈ، پکے کھالے سمیت دیگر ایسے کام کئے جو ترقی کا باعث بنے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور ورکنگ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں پروگرام کوآرڈی نیٹر نیشنل اسمبلی سیکرٹریٹ، سفارتخانہ کے منسٹر قونصلر، قونصلر، فرسٹ سیکرٹری اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر بھی شامل تھے۔

