مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ بھارتی فوج کا قبرستان بن کر رہے گا: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
August 5, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
437 Views
عالمی برادری بھارتی حکومت کی من مانی اور جارحیت کا نوٹس لے، قوم متحد ہو جائے، ہماری جماعت حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے
لاہور(05اگست2019) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ بھارتی فوج کا قبرستان بن کر رہے گا۔ انہوں نے مودی حکومت اور فوج کے ہاتھوں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی من مانی اور ظلم و بربریت کا نوٹس لے، اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں کی دھجیاں اڑانے پر بھارت کے خلاف خاموش تماشائی نہ رہے، کشمیریوں کی نسل کشی روکنے اور اپنی قراردادوں پر عمل کرانے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ یو این او چارٹر پر دستخط کرنے والے تمام ممالک اور باالخصوص اسلامی ممالک اور تنظیموں کو چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اپنی خاموشی سے مودی حکومت فری ہینڈ نہ دیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ یٰسین ملک کو فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، تمام حریت پسند کشمیری رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بھارتی جارحیت کے خلاف کسی بھی کارروائی کیلئے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پوری قوم کو چاہئے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں وہ اپنے سیاسی و دیگر اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کے دفاع اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔
