پاک فوج کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

چھ ستمبر شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، فوج اور عوام ایک پیج پر ہیں، کشمیر انشاء اللہ جلد پاکستان بنے گا: یوم دفاع پر پیغامات

لاہور(05ستمبر2019) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا، 6 ستمبر مادرِوطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے ہماری مسلح افواج کی اہمیت اور عظیم قربانیوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے یوم دفاع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے شہداء کی یاد دلاتا ہے جن کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، اللہ کریم کا شکر ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم پاک فوج کی قربانیوں اور جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کے دشمنوں کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے، ساری قوم اور مسلح افواج ایک پیج پر ہیں، آج ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم کرنا بند کر دے اسے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہو گا اور ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرہ جلد حقیقت بننے والا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے قوم کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کا درس یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے انشاء اللہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، آج ہم مادر وطن کے قیام اور اس کے دفاع کیلئے اپنی جان و مال کی قربانی دینے والوں کے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ اللہ کے حضور یہ دعا بھی کرتے ہیں کہ وہ پاکستان اور پاکستانی قوم کو زندہ و پائندہ رکھے، ملک میں ہر طرف امن و خوشحالی ہو اور ہم اقوام عالم میں سربلند ہوں۔

Share