وزیر اعظم عمران خان ملک میں مضبوط جمہوری نظام کے قیام کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

ہم اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں لاہور میں انڈرگراؤنڈ میٹرو ٹرین چلانے کا منصوبہ رکھتے تھے: سپیکر پنجاب اسمبلی

سابق حکومت نے جتنا پیسہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں پر خرچ کیا اس سے پنجاب بھر کو معیاری سڑکیں فراہم کی جاسکتی تھیں: سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی آسٹرین سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو

لاہور(31اکتوبر2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آسٹریا کے سفیر مسٹر نکولس کیلر نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل، اداروں کی مضبوطی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور میڈیا کی آزادی کے علاوہ ذاتی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت جہالت، پسماندگی، غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت، تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں مضبوط جمہوری نظام کے قیام کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اختلافات سے بالا تر ہو کر ملکی مفاد اور آئین کی بالا دستی کیلئے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک، تعلیم، صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور آسٹریا کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے بہت خوبصورت ہیں اور ملکی و غیرملکی سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا باعث ہیں، لاہور باغات اور تاریخی عمارتوں کا شہر ہے اس کی خوبصورتی برقرار رہنی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دور میں لاہور میں انڈرگراؤنڈ میٹرو ٹرین چلانے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن سابق حکومت نے میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں سے لاہور کی خوبصورتی کو برباد کر دیا، جتنا پیسہ میٹروبس اور اورنج ٹرین کے منصوبوں پر خرچ کیا گیا اس سے پنجاب بھر کو معیاری سڑکیں فراہم کی جاسکتی تھیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرفہرست ہے، سول سوسائٹی، سیاستدان، میڈیا اور تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں اسمبلیوں میں اقلیتی برادری اور خواتین کیلئے نشستیں مخصوص کی گئیں۔ مسٹر نکولس کیلر نے کہا کہ وہ آسٹریا اور پاکستان کے مابین تجارتی شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں آسٹریا کے اعزازی قونصل جنرل سرمد امین، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سپیکر نے معزز مہمانوں کو اسمبلی شیلڈ اور تحائف بھی پیش کیے۔

Share