کئی چیزیں ساتھ چل رہی ہیں، محنت ہو رہی مگر تھوڑا وقت لگ سکتا ہے انشاء اللہ بہتر ہو گا، مولانا کا گھر بھی ہمارا گھر ہے: میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد/لاہور(06نومبر2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر بدھ کی شام بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے گذشتہ شب ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی تھی جو قریباً 2 بجے رات تک جاری رہی۔ چودھری پرویزالٰہی نے بدھ کو مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مذاکرات میں انشاء اللہ کامیابی ملے گی مگر تھوڑا وقت لگے گا، ابھی انتظار اور دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں اور مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کئی چیزیں ساتھ ساتھ چل رہی ہیں اللہ نے چاہا تو بہتر ہو گا، مذاکرات پر مثبت اور صحیح طور پر کامیابی کیلئے صبر اور محنت کی ضرورت ہے جو ہو رہی ہے۔ برف پگھلنے کے بارے میں سوال پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا گھر بھی ہمارا اپنا گھر ہے رات وہ تشریف لائے تھے آج ہم آ گئے ہیں ہمارا مقصد ایک ہے اور نیت نیک ہے لیکن وقت تو لگ سکتا ہے۔