وزیراعظم اور کابینہ نوازشریف کے معاملہ میں بڑے دل کا مظاہرہ کریں: چودھری شجاعت حسین
November 11, 2019
Featured, News, Pictures, Urdu News
308 Views
ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ کو سرکاری گورکھ دھندے میں الجھانے سے معیشت کو نقصان پہنچے گا اور افراتفری ہو گی
اسلام آباد/لاہور(11نومبر2019) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے علاج کی خاطر باہر جانے کے معاملہ میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو سرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے، نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے ان کی درخواست پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے، کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہئے، اگر خدانخواستہ نوازشریف کو کچھ ہو گیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہو جائے گی اس لیے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہو سکے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اگر نوازشریف کا معاملہ سرکاری گورکھ دھندے میں الجھ گیا تو نہ صرف ملک میں افراتفری ہو گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جس کے نتیجہ میں عوام کیلئے مشکلات میں بھی اضافہ ہو گا۔
